سعودی عرب میں اپنی طرز کے انوکھے میلے نے ہر کسی کی توجہ حاصل کرلی، طائف کے گورنر شہزادہ سعود بن نہار آل سعود کی زیر سرپرستی الحکیر پارک میں بدھ کے دن سے اناروں اور انگوروں کے انوکھے میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فروٹ فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد طائف گورنری میں زرعی مصنوعات کی مختلف اقسام کو اجاگر کرنا، کسانوں کی مدد و حوصلہ افزائی اور ان کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
جنرل ماجد بن عبداللہ الخلیف نے کہا کہ یہ میلہ طائف میں وزارت کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا۔
طائف میں وزارت دفتر کے ڈائریکٹر ہانی بن عبدالرحمٰن القادی کا زور دیکر کہنا تھا کہ کاشت کاروں کی مدد اور پھلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے اور زرعی مصنوعات کی مارکیٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔
الخلیف اور القادی کا کہنا تھا کہ طائف کے کسانوں نے زرعی شعبے کی ترقی میں گورنر طائف کی دلچسپی اور لگن کو خوب سراہا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے پہاڑی علاقے السودہ میں لگژری پہاڑی سیاحت کا نیا چہرہ متعارف کرانے کیلیے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک نئے منصوبے کے ماسڑ پلان کا آغاز کیا ہے۔
سعودی عرب کی بلند ترین چوٹی پر ’السودہ پیکس‘ پروجیکٹ کے تحت ایک لگژری سیاحتی مقام قائم کیا جائے گا۔ یہ السودہ کے علاقے اور رجال المع کے کچھ حصوں تک پھیلا ہوا ہوگا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’قمم السودۃ‘ منصوبے کا مقصد سطح سمندر سے تین ہزار 15 میٹر اونچے پہاڑ کی بلند ترین چوٹی پر لگژری سیاحتی پہاڑی فرنٹ تیار کرنا ہے۔
یہ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر میں اپنی نوعیت کا منفرد ثقافتی اور قددرتی خوبیوں سے مالا مال علاقہ ہے،اس کے تحت السودۃ اور رجال المع کا کچھ حصے کو جدید بنایا جائے گا۔