حال ہی میں ٹی 20 کرکٹ کا ایسا انوکھا میچ ہوا جس کی ایک اننگ میں بنے ریکارڈ 427 رنز اور بولرز نے کرائیں 64 نو بالز۔
کرکٹ اپنی سنسنی خیزی اور نا قابل یقین کھیل کی بدولت مشہور ہے جس میں آئے دن حیران کن ریکارڈ بنتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں ٹی 20 کرکٹ کا ایسا انوکھا میچ ہوا جس کی ایک اننگ میں بنے ریکارڈ 427 رنز اور بولرز نے کرائیں 64 نو بالز۔
یہ ٹی20 میچ چلی اور ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم کے درمیان بیونس آئرس میں کھیلا گیا جس میں ارجنٹائن نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ریکارڈ 427 رنز بنا ڈالے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بحرین ویمنز ٹیم کے پاس تھا جنہوں نے سعودی عرب کے خلاف ٹی 20 میچ میں 318 رنز بنائے تھے۔
ارجنٹائن کی بیٹر لُوسیا ٹیلر نے 27 چوکے رسید کرتے ہوئے 84 گیندوں پر 169 رنز بنائے جبکہ اُن کی ساتھی البرٹینا گلان 23 چوکے لگا کر 84 گیندوں پر 145 رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں۔
ارجنٹائن کی واحد وکٹ 350 کے اسکور پر گری جبکہ لُوسیا اور البرٹینا کی یہ 350 رنز کی پارٹنر شپ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارنٹر شپ بھی بن گئی۔ تاہم حیران کن طور پر 427 رنز کے ریکارڈ ٹوٹل اسکور میں ارجنٹائن بیٹز نے کوئی چھکا نہیں لگایا۔
اس منفرد میچ میں چلی کی بولروں کی جانب سے 73 ایکسٹرا رنز دیے گئے جس میں 64 نو بالز شامل تھیں۔ اسی طرح بولنگ کرتے ہوئے چلی کی بولر کونسٹنزا اویارس نے چار اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 92 رنز دیے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے جب کہ فلو رینسیا مارٹینز نے ایک اوور میں سب سے زیادہ 52 رنز دے کر منفی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
WORLD RECORD!
427 Runs in just 20 overs for the Argentina Women's Cricket team against Chile.
Argentina: 427/1 (20)
Chile: 63/10 (15)
Result: Argentina won by 364 Runs#CricketTwitter pic.twitter.com/tk8rggk4Tf— Female Cricket (@imfemalecricket) October 14, 2023
ہدف کے تعاقب میں چلی کی ویمنز ٹیم 15 اوورز میں صرف 65 کے اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی اور یوں یہ میچ ارجنٹائن نے ریکارڈ 364 رنز سے جیت لیا۔ چلی کی 7 بیٹز صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔
ارجنٹائن کی بولرز نے بھی 29 ایکسٹراز رنز دیے جن میں 26 وائیڈ بالز شامل تھیں۔