بھارت میں طلبہ نے امتحانات میں کامیاب ہونے کے لیے ممتحن کو رشوت دینے کیلیے انوکھا انداز اختیار کیا اور امتحانی کاپیوں میں کرنسی نوٹ رکھ دیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں تعلیم کا نظام کس نہج پر جا رہا ہے اس کا اندازہ سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر سے لگایا جا سکتا ہے جس میں طلبہ نے امتحانات میں کامیابی کے حصول کے لیے رشوت دینے کا انوکھا طریقہ نکالا اور جوابی کاپیوں کے ساتھ کرنسی نوٹ بطور رشوت منسلک کر دیے۔
طلبہ کو یہ امید تھی کہ نوٹ دیکھ کر ممتحن انہیں پاس کر دیں گے لیکن ایک ٹیچر نے ان کی اس حرکت کو پکڑ لیا اور اس کی تصویر بنا کر پولیس افسر کو بھیج دی جس نے یہ تصویر سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کر دی۔
تصویر میں ممتحن کو مبینہ طور پر رشوت کے لیے کاپی سے منسلک کیے جانے والے 100 اور 200 روپے مالیت کے بھارتی روپے کے کئی کرنسی نوٹ دیکھے جا سکتے ہیں۔
Pic sent by a teacher. These notes were kept inside answer sheets of a board exam by students with request to give them passing marks.
Tells a lot about our students, teachers and the entire educational system. pic.twitter.com/eV76KMAI4a
— Arun Bothra 🇮🇳 (@arunbothra) August 21, 2023
پولیس افسر ارن بوتھرا نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ یہ واقعہ ہمارے طلبہ، اساتذہ اور پورے تعلیمی نظام کی زبوں حالی کو بیان کر رہا ہے۔
پولیس افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں یہ تصویر ایک ٹیچر نے بھیجی ہے، یہ نوٹ طلبہ نے امتحانی کاپی میں چھپائے ہوئے تھے اور وہ درخواست کر رہے تھے کہ انہیں بورڈ امتحان میں پاس کردیا جائے۔
مذکورہ پوسٹ کو ایک لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر تبصرے بھی جاری ہیں۔ کئی اساتذہ نے کمنٹس میں بتایا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ یہ سلسلہ پچھلی کئی دہائیوں سے جاری ہے۔