واشنگٹن: امریکا اب مقامی مصنوعات کی خرید کو ہی ترجیح دے گا، اس سلسلے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک قرارداد پر دستخط کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے وفاقی اداروں کی جانب سے امریکی مصنوعات کی خرید کو اوّلیت دینے پر مبنی ایک قرارداد پر دستخط کر دیے ہیں۔
بائیڈن نے مذکورہ قرار داد پر دستخط سے قبل اوول آفس میں گفتگو میں کہا کہ امریکا کا مستقبل مقامی پیداوار پر انحصار کرتا ہے، لہٰذا ٹیکس دہندگان کی رقوم کو وفاقی حکومت کی جانب سے مقامی مصنوعات کے لیے خرچ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا قومی سلامتی، انسانی امداد اور ہنگامی ضروریات کو مبرا رکھتے ہوئے اب صرف امریکی مصنوعات کو ترجیح دی جائے گی۔
خواجہ سرا فوجیوں پر پابندی، جوبائیڈن کا بڑا قدم
یاد رہے کہ گزشتہ روز اوول آفس میں جو بائیڈن نے ایک اور اہم ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد امریکی فوج میں خواجہ سراؤں پر بھرتی پر سے پابندی اٹھ گئی، یہ پابندی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عائد کی تھی۔
دستخط سے قبل اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا تھا کہ یہ ایگزیکٹو آرڈر اس پوزیشن کو بحال کر رہا ہے جس کی پچھلے کمانڈرز اور سیکریٹریز نے بھی حمایت کی ہے، اور میرا مقصد تمام اہل امریکیوں کو وردی میں اپنے ملک کی خدمت کرنے کے قابل بنانا ہے۔