بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

گاڑیوں کے یونیورسل نمبرز اور ای آکشن کا آج سے اجرا ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبائی وزیر ایکسائز پنجاب حافظ ممتاز احمد نے گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹس اور ای آکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آج سے گاڑیوں کے یونی ورسل نمبرز اور ای آکشن کا اجرا شروع ہو گیا، ملک بھر سے شہری گھر بیٹھے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کی نیلامی میں ای آکشن کے ذریعے حصہ لے سکیں گے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا محکمہ ایکسائز کو اسمارٹ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا ہے، یونیورسل نمبر سے گاڑیوں کی ری سیل میں حائل مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔

انھوں نے کہا موٹر وہیکل رجسٹریشن کی موجودہ سیریز ہر کیٹیگری میں ضلع کی بنیاد پر کی جا رہی تھی، رجسٹریشن کا سال نمبر پلیٹ پر دیا جاتا تھا اور الفا نومیرک اسکیم ہر سال دہرائی جاتی تھی، جس کی وجہ سے ہِٹ اینڈ رَن سچویشن میں اکثر گاڑیوں کے نمبر نوٹ کرنے میں کنفیوژن رہتی تھی، اب یونی ورسل رجسٹریشن سیریز سے سہولت کے ساتھ ساتھ ان مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹس اور ای آکشن سسٹم کا افتتاح کر رہے ہیں

صوبائی وزیر کے مطابق اب یونی ورسل سیریز کے تحت تمام اضلاع میں یکساں رجسٹریشن ممکن ہو گئی ہے، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نا خوش گوار حالات میں گاڑی کا نمبر رپورٹ کرنے میں آسانی ہوگی، پلیٹ اور حروف کے سائز میں اضافے سے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں تمام گاڑیوں کو ایک جیسے یونی ورسل نمبر جاری کیے جائیں گے اور یہ صوبے بھر کے لیے ہوگا، نمبر پلیٹ بھی ایک جیسی ہوگی، تمام اضلاع کے سیریل نمبر ختم کر دیے گئے ہیں۔

حافظ ممتاز احمد نے بتایا کہ ای آکشن کا نظام شفافیت اور سہولت پر مبنی ہے، پبلک سیکٹر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا جدید منصوبہ ہے، جو عوامی سہولت کے ساتھ محکمہ کے لیے ریونیو کا بھی بڑا ذریعہ ہوگا۔

اس منصوبے کے تحت اب گاڑیوں کو AAA کے نام سے نمبر جاری کیے جائیں گے، موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ بھی AAA کے نام سے جاری ہوگی، موٹر سائیکل نمبروں کی سیریل 1001 تا 9999 تک جاری ہوگی، کمرشل گاڑیوں کو CAA کے نام کی سیریل جاری ہوگی، اور 1 تا 9999 تک نمبر جاری ہوں گے، سرکاری گاڑیوں کی سیریل نمبر GAA سے شروع ہوگی، ان کو 1 تا 998 تک نمبر جاری ہوں گے، سیمی گورنمنٹ گاڑیوں کو SAA کی سیریل جاری ہوگی اور ان کو 1 تا 998 تک نمبر جاری ہوں گے۔

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں