پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں جامعات کو سولرائز کرنے پر کام شروع کردیا گیا، یونیورسٹی آف انجینیئرنگ پشاور کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینیئرنگ پشاور میں جامعہ کی سولرائزیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی کامران بنگش، حمایت اللہ اور وائس چانسلر نے شرکت کی۔
اجلاس میں جامعہ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ دیگر 9 جامعات کو بھی یو ای ٹی ماڈل پر سولرائز کریں گے، وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں جامعات مضبوط بنانا ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن سے جامعات دیرپا مالی خود مختاری کی جانب جائیں گی، سولرائز کرنے سے جامعہ کو 9.5 ملین روپے سالانہ بچت ہوگی۔
کامران بنگش کا مزید کہنا تھا کہ یو ای ٹی سولرائزیشن کے لیے انرجی سپلائی کمپنی ماڈل اپنائیں گے، 6 مہینے کی مدت میں یو ای ٹی سولرائزیشن مکمل ہوگا۔