نئی دہلی : بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ مشہور اداکارہ شالو چورسیا کو نامعلوم شخص نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں ایک پارک میں متاثرہ اداکارہ چہل قدمی کررہی تھیں کہ اچانک ایک شخص ان کے قریب آیا اور اداکارہ کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
پولیس کو درج کرائی گئی شکایت کے مطابق اداکارہ پارک میں چہل قدمی کررہی تھی کہ اچانک ایک شخص ان کے پاس آیا اور تمام نقدی، قیمتی سامان اور موبائل فون دینے کا مطالبہ کیا۔
اداکارہ کے انکار پر ڈاکو نے چہرے پر گھونسا مارا اور پھر پتھر سے شالو چورسیا پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ لڑکھڑا گئیں اور حملہ آور ان کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے ٹالی ووڈ اداکارہ کی شکایت پر علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حملہ آور کی شناخت شروع کردی ہے تاہم اب تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ شہر کے اس بڑے کے بی آر پارک میں صبح و شام مشہور شخصیات، کاروباری افراد اور سیاسی رہنماؤں کا آنا جانا لگا رہتا ہے اور اس سے قبل بھی پارک کے اطراف میں چھینا جھپٹی کی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔