اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

لندن: کلثوم نواز کے کمرے میں داخلے کی کوشش ناکام، مشتبہ شخص تفتیش کے بعد رہا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانیہ میں زیرعلاج سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص نے داخل ہونے  کی کوشش کی جسے انتظامیہ نے ناکام بنادی، پولیس نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر نوید نامی شخص کو چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز لندن ہارلےاسٹریٹ کلینک کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں اور انہیں مشین کے ذریعے مصنوعی سانس فراہم کیا جارہا ہے۔

حسین نواز کے مطابق مشتبہ شخص خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے والدہ کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا، جب انتظامیہ تک معاملہ پہنچایا تو وہ بھاگنے کی کوشش کرنے لگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص نے اپنی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ظاہر کی، انتظامیہ اور سیکیورٹی نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے مذکورہ نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں: چیف آف آرمی اسٹاف کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، آئی ایس پی آر

پولیس نے مشتبہ شخص سے تفتیش شروع کی تو اُس نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میں کلثوم نواز کی عیادت کے لیے آیا تھا، بغیر اجازت کمرے میں داخل ہونے  کوشش غلطی تھی‘۔

لندن پولیس نے ہارلےاسٹریٹ میں بغیر اجازت داخل ہونے والےشخص کو تفتیش مکمل ہونے کے بعد وارننگ دے کر رہا کردیا، تفتیشی افسر کے مطابق نوید فاروق کو اسپتال سے دور رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

کلثوم نواز کے ڈاکٹر نے ملنے کی اجازت دی، ڈاکٹر نوید

دوسری جانب مشتبہ شخص نوید فاروق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتظامیہ کو میرامؤقف جاننےکی کوشش بھی کرنی چاہیےتھی، مجھے روکنےسےمتعلق جورویہ تھا اسےاچھی طرح سمجھتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عید الفطر کی وجہ سے کلثوم نواز کی طبیعت اور خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال پہنچا تاکہ نوازشریف اور اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرسکوں، کلینک میں داخل ہونے کے بعد احساس ہوا کہ میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں پہنچ گیا۔

ڈاکٹر نوید کا کہنا تھا کہ آئی سی یو میں داخل ہونےکااحساس ہوا تو سوچاخودچلاجاؤں، انتہائی نگہداشت وارڈ میں ایک شخص سے ملاقات ہوئی جس نے اپنا تعارف ڈاکٹرعدنان کےنام سےکرایا جس پر میں نے بھی انہیں اپنا تعارف کرایا تو انہوں نے کلثوم نواز سے ملنے کی اجازت دے دی۔

مشتبہ شخص کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان نے آگاہ کیا کہ وہ کلثوم نواز کے ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے اپنی تعلیم و کام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، میرے اسپتال آمد سے غلط فہمی پیدا ہوئی، اگر ایسا کچھ تھا تو اسپتال میں تعینات سیکیورٹی کو مجھےروکناچاہیےتھا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نےکہیں نہیں کہا کلثوم نواز کا وزیٹرہوں، اسپتال عملےاور گارڈز کوکہا میں بھی ایک ڈاکٹرہوں، میں نےکلثوم نوازکےفیملی ممبرسےمعذرت بھی کی۔

اسپتال انتظامیہ نے بیگم کلثوم نواز کے کمرے کے باہر کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے اور اب کمرے میں اہل خانہ  کے علاوہ کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے دو روز قبل بیگم کلثوم نواز دل کا دورہ پڑنے کے باعث گرگئیں تھیں، جس کے بعد ان کو آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپرمنتقل کیا گیا تھا۔

مریم نواز نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ان کی والدہ کو اس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا، جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن روانہ

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے مزید کہا تھا کہ ان کی والدہ آب آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپرہیں، ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز کی جاچکی ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں