ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ کے مبصرین کی جی ایچ کیو آمد

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 بچوں کی شہادت پر اقوام متحدہ کے مبصرین نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ مبصرین کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں دستاویزات دی گئیں۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی جاری ہے۔ بارود اگلتی بندوقوں نے 3 بچیوں اور ایک لڑکے کی جان لے لی۔ پاک فوج نے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جی ایچ کیو میں فوجی حکام سے ملاقات کی۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں 4 بچوں کی شہادت کی دستاویزات مبصرین کے حوالے کی گئیں اور تحقیقات کی درخواست کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع مسلسل پاکستان مخالف بیانات داغ رہے ہیں۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 222 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے باعث 26 معصوم شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔

ایک روز قبل پاک فوج نے پاکستانی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔ طیارہ پاکستانی چوکیوں کی طرف 60 میٹر تک آیا تھا۔ ڈرون کا مقصد چوکیوں کی جگہ اور اطراف کی تصاویر اور ویڈیو حاصل کرنا تھا۔

اس سے قبل بھی بھارتی بحریہ کی آبدوز نے پاکستان کے سمندروں میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم پاک بحریہ نے بر وقت ردعمل دیتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں