لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے بے نامی زون نے سینیٹر چوہدری تنویر کے خلاف ایجوکیٹنگ اتھارٹی میں ریفرنس دائر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سینیٹر چوہدری تنویر 7 ہزار 125 کنال زمین کے مالک ہیں، جائیداد کی مالیت 15 ارب روپے سے زائد ہے، جب کہ اراضی چوکیدار، سیکورٹی گارڈ اور گن مین کے نام ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سینیٹر چوہدری تنویر کے خلاف ایجوکیٹنگ اتھارٹی میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے، چوہدری تنویر کی زمین اسلام آباد نیو ایئر پورٹ کے قریب واقع ہے، 6 بے نامی افراد نے کبھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے اثاثے چھپانے پر کرکٹر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، ایف بی آر کے مطابق محمد حفیظ کا 2014 سے 18 تک کا آڈٹ کیا جا رہا ہے۔ محمد حفیظ نے تقریباً 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد شکنجہ تنگ
کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ ایف بی آر کے نوٹس سے لاعلم ہیں، خبر بے بنیاد ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بھی بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد شکنجہ تنگ کر دیا گیا ہے، 150 کنال سے زائد اراضی رکھنے والے 300 مالکان کو کارروائی کے لیے شارٹ لسٹ کیا جا چکا ہے، بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے۔