تازہ ترین

میانمارفوج روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کررہی ہے، رکن اقوام متحدہ

لندن : اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ اہلکار نے میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کے انکوائری کمیشن کو تحقیقات کیلیے باقاعدہ درخواست دینے کا فیصلہ کرلیا، ینگہی لی نے کہا ہے کہ میانمار میں فوج اور پولیس روہنگیا کی مسلمان اقلیت کے خلاف ‘انسانیت سوز جرائم’ کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق میانمار میں حقوقِ انسانی کی صورتحال پر اقوامِ متحدہ کی خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ وہ پیر کو اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی انکوائری کمیشن کو تحقیقات کے لیے باضابطہ درخواست بھی دے رہی ہیں۔

میانمار کی حکمران جماعت کی قائد آنگ سان سوچی نے بی بی سی سے اس حوالے کوئی بات کرنے سے انکار کردیا، ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میانمار کا داخلی معاملہ ہے اور اس حوالے سے الزامات بڑھا چڑھا کر پیش کیے جا رہے ہیں۔

ینگہی لی کا کہنا ہے کہ انہیں ان الزامات کی تفتیش کے لیے میانمار کے شورش زدہ علاقے تک آزادانہ رسائی نہیں دی گئی تاہم بنگلہ دیش میں موجود پناہ گزینوں سے بات کر کے انہیں معلوم ہوا ہے کہ صورت حال ان کی توقعات سے کہیں بدتر ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میں کہوں گی کہ میانمار کی فوج، سرحدی محافظوں اور پولیس کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائم سرزد ہوئے ہیں اور آنگ سان سوچی کی حکومت کو اس کی کچھ ذمہ داری تو لینا ہوگی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں بھی اقوام متحدہ نے روہنگیا اقلیت کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی بنا پر آنگ سان سوچی کی قیادت میں قائم میانمار حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

Comments

- Advertisement -