کوئٹہ : صوبہ بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت محکمہ ایکسائز، کسٹمز اور پولیس کی ٹیمیں مشرکہ کارروائی کر رہی ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
ترجمان ایکسائز نے بتایا کہ کوئٹہ، مستونگ، سوراب، خضدار، قلات، نوشکی، تربت، نصیرآباد میں منشیات اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف21جنوری سے مہم شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا اور اس کا دائرہ کار جلد دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا، محکمہ ایکسائز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ، کسٹمز، پولیس کی ٹیمیں مشترکہ آپریشن میں شامل ہیں۔
آپریشن کے دوران این سی پی، مشکوک اور غیر رجسٹرڈ گاڑیاں تحویل میں لے کر محکمہ ایکسائز کے حوالے کی جائیں گی، حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں اس مشترکہ آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ این سی پی گاڑیوں اور منشیات کیخلاف سخت اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، منشیات کے خاتمے، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
علاوہ ازیں اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کیس میں گواہان کو شہادت قلم بند کرانے کے لئے 27 جنوری2025 کو طلب کر لیا۔
ملزمان میں ڈائریکٹر آصف، ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل امجد، عبدالوحید، زیب علی سرفراز عدیل امین ودیگر شامل ہیں، اینٹی کرپشن نے مذکورہ ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔