نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آواز پھر اٹھائے جانے کا امکان ہے جبکہ پاکستان اور بھارت میں موجود اقوام متحدہ مبصرین کے کردار کو مزید بڑھانے پرغورکیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، اقوام متحدہ کے دو ذیلی ادارے کشمیر کی صورتحال پربریفنگ دیں گے، لاک ڈاؤن، انٹرنیٹ بندش، نوجوانوں کی گمشدگی، رہنماؤں کی نظربندی پر رپورٹ پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
اجلاس میں امن مشنز، ایل او سی پربھارتی جارحیت کی تفصیل بھی بتائے جانے کا امکان ہے جبکہ پاکستان اور بھارت میں موجود اقوام متحدہ مبصرین کے کردار کو مزید بڑھانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے چھ ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، گذشتہ سال اگست میں سلامتی کونسل میں 5 دہائیوں بعد پہلی بار مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔
مزید پڑھیں : چین نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھا دیا
یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان کے مطالبے پر چین نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھایا تھا اورپاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کو بنیاد بناکر سلامتی کونسل میں کشمیر پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلیں تھیں۔
واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ظلم وبربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا اور 5 اگست سے اب تک لاک ڈاؤن اور پابندیاں برقرارہیں مقبوضہ کشمیر میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔