اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کیلبری کوئن نے پھر قوم کا وقت ضایع کرنے کی کوشش کی ہے، جس غیبی امداد کی بات کی گئی وہ شریف فونڈری میں تیار شدہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر مراد سعید نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے غیبی امداد پہنچی تو میڈیا پر چلانے کی بجائے چیف جسٹس سے رجوع کرتیں۔
انھوں نے کہا کہ جتنے ثبوت ٹبر نے پیش کیے وہ جھوٹے اور شریف فونڈری میں تیار شدہ ہیں، اپنی صفائی پیش کرنے کی بجائے عدالتوں اور اداروں پر حملوں کا سہارا لیا گیا۔
مزید تازہ خبریں پڑھیں: ویڈیو ٹیپ کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا: فردوس عاشق اعوان
مراد سعید نے کہا کہ جعلی قطری خطوط، کیلبری فونٹ، ڈاکٹرز کے فرمایشی خطوط پیش کیے گئے، اس کے علاوہ ایک کاغذ کا ٹکڑا اس خاندان نے پیش نہیں کیا، کیلبری پروڈکشن کی تازہ قسط بھی بہ ظاہر ڈان لیکس جیسی ہے، یہ قسط کسی درباری قصہ خواں کے ذہن کا اختراع محسوس ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ججز کی خرید و فروخت کے نا قابل تردید شواہد ان کے چچا کے خلاف موجود ہیں، شہباز شریف، سیف الرحمان، جسٹس قیوم کی گفتگو یو ٹیوب پر موجود ہے، نئی نسل اور نوجوان آل شریف کے حقیقی چہروں اور وارداتوں سے آگاہ ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ جھوٹ، بہتان، جعل سازی اور شرارتوں کی سیاست کا دور تمام ہوا، آل شریف کی سیاہ کاریوں کا محاسبہ کسی تعطل کے بغیر جاری رہے گا۔