اردو ادب اور ترقی پسند تحریک کا ایک بڑا نام اپندر ناتھ اشکؔ ہے جنھیں رزقِ خاک ہوئے تین دہائیاں گزر چکی ہیں۔ اس دور میں جب متحدہ ہندوستان میں ترقی پسند تحریک زوروں پر تھی، انھوں نے افسانے اور کہانیاں تخلیق کرکے بڑا نام پایا۔
ان کے زمانے میں اردو ادب پر تازہ فکر اور نئے رجحانات کا سایہ تھا۔ اپندر ناتھ اشکؔ نے اسی دور میں ایسے افسانے لکھے، جو معاشرے کی سچّی تصویر ثابت ہوئے۔ اپندر ناتھ اشک کو ان کے اسی وصف کی بناء پر ہندوستانی معاشرے کا ناصح بھی کہا جاسکتا ہے۔ ان کی کہانیوں پر ہمیں اخلاقی رنگ غالب نظر آتا ہے۔
افسانہ نگار اور ڈرامہ نویس اپندر ناتھ اشک 1996ء میں آج ہی کے دن چل بسے تھے۔ انھوں نے ہندوستان میں اردو ادب کے قارئین کو کئی اصلاحی کہانیاں دیں اور اپنے وطن کی معاشرت میں پنپتی خامیوں، اور لوگوں کی کم زوریوں کی نشان دہی کرتے رہے۔ اشکؔ کے موضوعات میں سیاست کو بھی دخل رہا، لیکن یہاں بھی ان کا انداز ناصحانہ نظر آتا ہے اور وہ خرابیوں کو دور کرنے کی بات کرتے ہیں۔ اپندر ناتھ اشکؔ نے پنجابی زبان میں شاعری بھی کی۔ وہ ہندوستان میں اردو زبان و ادب سے وابستہ ایسے اہلِ قلم تھے جسے اپنی قوم، اپنی تہذیب اور روایات کا بڑا درد تھا اور جو اپنے لوگوں میں شعور پیدا کرنا اور ان کی اصلاح کو اپنی ذمہ داری سمجھتا تھا۔
اشک 14 دسمبر 1910ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے۔ 1930ء تک وہ لاہور میں مقیم رہے اور پھر ہندوستان ہجرت کرگئے۔ ان کے ادبی سفر کا آغاز تو پنجابی شاعری سے ہوا تھا لیکن پھر اشک نے نثر کا سہارا لیا اور مختلف اخبارات اور رسائل میں لکھنے لگے۔ اپندر ناتھ اشکؔ کا پہلا ہندی کہانیوں کا مجموعہ جدائی کی شام کے گیت لاہور سے شائع ہوا تھا۔ انھوں نے آل انڈیا ریڈیو میں ایک عرصہ گزارا اور جب بمبئی گئے تھے تو وہاں فلم نگری سے وابستہ ہوگئے۔ ریڈیو کے لیے اشک کئی ریڈیائی ڈرامے اور اسکرپٹ لکھ چکے تھے اور فلموں میں ان کا یہ تجربہ کام آیا۔ انھوں نے فلمی کہانیاں اور اسکرین پلے تحریر کیے۔
اپندر ناتھ اشکؔ اپنی تحریروں میں پنجاب کی روزمرہ دیہی زندگی کی عکاسی بڑے خوب صورت انداز میں کرتے ہیں۔ افسانہ نگاری میں ان کی مضبوط گرفت اور زبان کی روانی بہت متاثر کن ہے۔ اشک کے افسانوں میں پاپی، کونپل، پلنگ اور ڈراموں میں ‘چھٹا بیٹا، انجو دیدی اور قید بہت مشہور ہوئے۔
اپندر ناتھ اشک نے الٰہ آباد میں وفات پائی۔ معروف براڈ کاسٹر، محقّق اور مصنّف رضا علی عابدی نے ان پر ایک مضمون میں لکھا تھا: "یہ میرا بی بی سی لندن کی اردو سروس کا زمانہ تھا۔ اپندر ناتھ اشک الہٰ آباد سے چل کر لندن آئے اور بی بی سی کی تاریخی عمارت’بُش ہاؤس‘ میں تشریف لائے۔ اسی ادارے کی ہندی سروس میں ان کا بیٹا نیلابھ کام کرتا تھا، اس سے کہا کہ مجھے رضا علی عابدی سے ملواؤ۔ وہ باپ کا ہاتھ پکڑ کر میرے پاس لے آیا۔ یوں لگا جیسے بچپن میں اکٹھے کنچے کھیلنے والا کوئی دوست چلا آیا ہو۔ میں نے چاہا قدموں میں بیٹھوں۔ ان کا بس نہیں چل رہا تھا کہ سَر پر بٹھالیں۔”
"واپس الہ آباد چلے گئے مگر وہاں کی خبریں ملتی رہیں۔ پتہ چلا کہ اپندر ناتھ اشک کی کتابوں کی فروخت برائے نام رہ گئی ہے اور یہ کہ بددیانت افسر سرکاری اداروں کے لیے ان کی کتابیں نہیں خرید رہے۔ انہوں نے صدائے احتجاج بلند کی مگر کوئی اثر نہ ہوا، یہاں تک کہ اتنے بڑے شاعر اور ادیب کی مالی حالت جواب دینے لگی۔ وہ ٹھہرے سدا کے ادیب اور شاعر۔ معاشرے کے منہ پر تھپڑ رسید کرنے کے لیے انہوں نے اپنے گھر کے باہر آٹے دال کی دکان کھول لی تاکہ اخباروں میں سرخی لگے کہ سرکردہ ادیب نے مالی حالات سے تنگ آکر پرچون کی دکان کھول لی۔ یہی ہوا۔ اخباروں کو چٹپٹی خبر مل گئی۔ کیسا عجب اتفاق ہوا کہ میں اپنے پروگرام ’جرنیلی سڑک‘ کی تیاری کے لیے ہندوستان اور پاکستان کے دورے پر نکلا۔ چونکہ الہ آباد اسی سڑک پر واقع ہے، ایک صبح میں نے خود کو اپندر ناتھ اشک کے گھر پر پایا۔ باہر پرچون کی دکان کھلی ہوئی تھی اور ان کی بیگم کوشلیا سودا سلف بیچ رہی تھیں۔ مجھے دیکھ کر کھل اٹھے اور بہت پیارا انٹرویو ریکارڈ کرایا۔”