اپر دیر: جماعت اسلامی اپنے مضبوط گڑھ میں پی پی پی کے ہاتھوں شکست کھا گئی تو چالیس سال بعد خواتین نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
اپر دیر پی کے ترانوے کا ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کو ہوم گراونڈ پر شکست دے دی، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ثناءاللہ اکیس ہزار آٹھ سو پچاس ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جماعت اسلامی کے ملک اعظم پندرہ ہزار نو ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اپردیر میں چالیس سالہ پرانی روایت بھی ٹوٹ گئی، حلقے میں خواتین رکاوٹوں کے پہاڑ سر کرکے پہنچیں، پولنگ اسٹیشن اور ووٹ ڈالے، حلقے میں جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر ضمنی انتخاب کرایا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن اور جمیعت علمائے اسلام جبکہ جماعت اسلامی کو قومی وطن پارٹی اور پی ٹی ائی کی حمایت حاصل تھی۔
اس نشست پر 2013 کے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے بہرام خان کامیاب ہوئے تھے تا ہم یہ نشست الیکشن کمیشن کی جانب سے جعلی ڈگری کیس میں بہرام خان کو نا اہل قرار دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 76 ہے جن میں مردو ں کے تعداد 90 ہزار 368 جبکہ خواتین کے 57 ہزار 708 ہیں۔