بھارت میں بیٹی کے خواہشمند سفاک باپ نے مبینہ طور پر نومولود بیٹے کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں سفاک باپ نے مبینہ طور پر نوزائیدہ بیٹے کو نشے کی حالت میں قتل کردیا، ملزم بیٹی کی پیدائش نہ ہونے پر مایوس تھا۔
افسوسناک واقعہ اتوار کی شام کوتوالی تھانے کی حدود بجڑواڑ گاؤں میں پیش آیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اسے بیٹی کی امید تھی کیونکہ اس کے پہلے ہی دو بیٹے ہیں۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش پتا چلا کہ ملزم انیل یوکی شراب کے نشے میں دھت تھا جب اس نے اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس سے 12 دن کا بیٹا چھین لیا۔
رپورٹ کے مطابق شوہر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر خاتون موقع سے فرار ہوگئی اور جب وہ گھر واپس آئی تو اس نے بچے کو مردہ پایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی گردن پر گلا دبانے کے نشانات موجود تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم انیل یوکی کو گرفتار کرکے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔