بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

روس، پرندوں کا جھنڈ طیارے کے انجن میں پھنس گیا، ایمرجنسی لینڈنگ، 23 مسافر زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: روس میں پائلٹ نے انجن بند ہونے کے باوجود طیارے کو کامیابی سے کھیتوں میں اتار کر سب کو حیران کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورال ایئرلائنز کی پرواز اے 321 کی پرواز 226 مسافروں اور سات عملے کے افراد کو لے کر ماسکو کے ہوائی اڈے سے کریمیا کے لیے اڑی تو ایک کلو میٹر دور پرندوں کا جھنڈ طیارے کے دونوں انجن میں پھنس گیا جس کے باعث انجن بند ہوگئے اور لینڈنگ گیئر بھی خراب ہوگیا۔

پائلٹ دمیر یوسوپوف نے ان تمام رکاوٹوں کے باوجود طیارہ کامیابی سے کھیتوں میں اتاردیا، روسی وزارت صحت کے مطابق ایمرجنسی لینڈنگ کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہوئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔

ایمرجنسی لینڈنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، دیگر مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ کردیا گیا۔

روس کے سرکاری ٹیلی وژن نے اس کارنامے کو معجزہ قرار دیتے ہوئے پائلٹ کو ہیرو کا خطاب دیا ہے۔

ایک مسافر کا کہنا تھا کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد طیارے نے شدید جھٹکے کھانے شروع کردئیے اور جلنے کو بو آنے لگی پھر طیارے نے لینڈنگ کی اور ہم سب نے باہر نکل کر بھاگنا شروع کردیا۔

یاد رہے کہ 2009 میں امریکی پائلٹ نے ہنسوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد اپنا طیارہ دریائے ہڈسن میں اتاردیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال جون میں روس میں طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران عمارت سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں