تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

بیالیسویں قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا

نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز، پُرتجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ اقساط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

’’واہ یہ تو زبردست بات ہو گئی ہے۔ سب کچھ اتنی آسانی سے ہو رہا ہے جیسے کوئی مکھن کھا رہا ہو۔ دنیا پر حکمرانی کا خیال کتنا شان دار اور خوب صورت ہے۔‘‘ ڈریٹن خود کو ہواؤں میں اڑتا محسوس کرنے لگا تھا۔ وہ خود کو ابھی سے دنیا کا بادشاہ سمجھے لگا۔ اس نے شیشے پر کنگ کیگان کی تصویر کو مخاطب کیا: ’’تو قلعہ آذر کے آقا، اب تم کیا سوچ رہے ہو۔ تم مردہ ہو اور میں زندہ ہوں اور جلد ہی جادوئی گولا میرے قبضے میں ہوگا۔ اب میں جا رہا ہوں، کل پھر ملاقات ہوگی۔‘‘

وہ قلعے سے نکلا اور کشتی میں بیٹھ کر جھیل کے دوسرے کنارے اتر گیا۔ اس نے قریب ہی ایک بھاری پتھر تلاش کیا اور اسے اٹھا کر کشتی پر مارنا چاہا تاکہ اسے ڈبو دے، لیکن پھر اچانک اسے یاد آیا کہ اب اسے ہر رات یہاں آنا ہے، اس لیے کشتی کی ضرورت پڑتی رہے گی۔ اس نے وہ پتھر پانی میں پھینک دیا۔ ڈریٹن واپس اینگس کے گھر کی طرف چل پڑا۔ وہ سوچنے لگا کہ اگر کسی نے اسے روکا تو ایک جھٹکے سے اس کی گردن کا منکا توڑ دے گا۔ دروازے پر پہنچ کر اسے پھر بلیوں نے گھیر لیا۔ اس نے بلیوں کو لاتیں مار مار کر بھگا دیا اور اندر داخل ہو گیا۔

ڈریٹن اندر جا کر اینگس کی تمام چیزیں الٹ پلٹ کرنے لگا، اور آدھے ہی گھنٹے بعد خوش قسمتی نے اسے بری طرح چونکا دیا جب اسے غیر متوقع طور پر قدیم کتاب مل گئی۔

’’ارے یہ کیا ہے۔‘‘ وہ حیران ہوا۔ ’’یہ اینگس تو چھپا رستم نکلا، اس نے تو قدیم کتاب بھی حاصل کر لی ہے۔ لگتا ہے یہ بھی میرا ساتھی ہے۔ آخر کون ہو تم بوڑھے اینگس اور اس لڑکی سے تمھارا کیا رشتہ ہے؟‘‘ وہ کتاب پا کر خود کلامی کرنے لگا۔ پھر اس نے ڈیجیٹل کیمرہ نکال کر کتاب کے ہر صفحے کی تصویر لی۔ چوں کہ کتاب گیلک زبان میں لکھی گئی تھی اور اسے اس کی کوئی شدھ بدھ نہیں تھی، اس لیے اسے غصہ آنے لگا۔ اس کے پاس جو کتاب تھی وہ پرانی انگریزی میں لکھی گئی تھی۔ اس نے سوچا کہ کسی بے وقوف اسکاٹ ہی نے اسے گیلک میں لکھا ہوا ہوگا۔ پھر اسے اپنا لیپ ٹاپ یاد آ گیا۔ اس نے خوش ہو کر سوچا کہ وہ اسے لیپ ٹاپ پر اپ لوڈ کر کے کسی ایسے شخص کو بھیجے گا جو اسے کچھ رقم کے عوض ترجمہ کر دے۔

اچانک وہ ایک خیال آنے پر چونک اٹھا۔ ’’ارے میں تو بھول گیا تھا، یہ کتاب جہاں ہو گی یقیناً جادوئی گیند بھی وہیں ہوگی۔‘‘ یہ بڑبڑاتے ہوئے وہ ایک بار پھر چیزوں کی تلاشی لینے لگا۔ کافی دیر تک تلاش کے باوجود جب اسے جادوئی گولا نہیں ملا تو وہ غصے سے کانپنے لگا اور اسی عالم میں چیخا: ’’یقیناً وہ بڈھا اسے اپنے ساتھ لے گیا ہے، وہ جانتا ہے کہ یہ کتنا اہم ہے، لیکن میں اسے حاصل کر کے رہوں گا۔‘‘

کچھ دیر بعد اس نے اپنے غصے پر قابو پایا اور ساری چیزیں ویسے ہی اپنی اپنی جگہ پر رکھ دیں، تاکہ کسی کو پتا نہ چلے کہ وہ یہاں آیا تھا۔ اس کے بعد وہ واپس بیڈ اینڈ بریک فاسٹ پہنچ گیا۔ وہ عین وقت پر پہنچا تھا کیوں کہ رات کا کھانا تیار تھا۔ کھانا کھا کر اس نے وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کے ساتھ گفتگو کر کے خود کو ایک اچھا لڑکا ثابت کیا اور پھر اپنے کمرے میں چلا گیا۔ بستر پر بیٹھ کر اس نے جیب سے تین بٹوے، دو ہیروں کے ہار اور ایک سونے کی انگوٹھی نکال کر سامنے رکھ دی، اور شیطانی مسکراہٹ کے ساتھ انھیں دیکھنے لگا۔

’’بے وقوف دیہاتی!‘‘ اس نے بڑبڑا کر کہا اور سونے کی تیاری کرنے لگا۔ یہ ساری چیزیں اس نے اسی ریستوران میں لوگوں کے ساتھ گفتگو کے دوران پار کی تھیں، اور کسی کو کچھ پتا نہیں چلا تھا۔ وہ بلاشبہ ایک ہوشیار جیب کترا تھا!

(جاری ہے…)

Comments

- Advertisement -