ممبئی: حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈاکو مہاراج‘ کی مقبول اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز سے قبل اروشی روٹیلا کے مناظر ڈیلیٹ کر دیے گئے۔
یہ دعویٰ انڈین میڈیا میں شائع رپورٹس میں کیا جا رہا ہے۔ بوبی کولی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 21 فروری 2025 کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی جس میں ساؤتھ انڈین اسٹار ننداموری بالاکرشنا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
تاہم بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کے مناظر ڈیلیٹ کرنے کے دعوے سے ان کے چاہنے والوں میں مایوسی پھیل گئی اور وہ اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اروشی روٹیلا کا ’دابیدی ڈبیدی‘ گانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب
اگرچہ اروشی روٹیلا کا فلم میں کلیدی کردار ہے اور وہ بڑھ چڑھ کر اس کی تشہیر میں مصروف ہیں لیکن نیٹ فلکس پر ریلیز کے پوسٹر میں بھی ان کی تصویر نہیں دیکھی گئی۔
فلم نے اب تک باکس آفس پر 105 کروڑ کی کمائی کر لی اور ’ڈاکو مہاراج‘ کو اس کے ایکشن سیکوینس اور دلچسپ کہانی کیلیے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
فلم کو اروشی روٹیلا کی ڈانس موووز اور اداکاری کی بدولت بھی کافی پذیرائی ملی جس نے اس کی تجارتی کامیابی کو آگے بڑھایا۔
اسٹریمنگ ریلیز میں بالی وڈ اداکارہ کے مناظر کے بغیر شائقین کی دلچسپی کم ہو سکتی ہے۔ زیادہ تر نے سوشل میڈیا پر اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ نیٹ فلکس سب سے پسندیدہ ستاروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کر رہا ہے۔