ممبئی: بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا اور خود ساختہ فلمی ناقد کمال آر خان المعروف کے آر کے میں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اروشی روٹیلا آئندہ اداکار و سیاستدان ننداموری بالاکرشنا کے ساتھ فلم ’ڈاکو مہاراج‘ میں جلوہ گر ہوں گی جس کا تیسرا گانا ’دبیدی دبیدی‘ حال ہی میں ریلیز کیا گیا۔
کمال آر خان نے اروشی روٹیلا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ تیلگو فلم انڈسٹری کے لوگوں کو ایسے بیہودہ گانوں کی شوٹنگ کرتے ہوئے شرم نہیں آتی؟ اروشی روٹیلا کو بھی ایسا گانا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اروشی روٹیلا کی وجہ سے کس سیاستدان کی طلاق ہو سکتی ہے؟
خود ساختہ فلمی ناقد کے بیان کے بعد اب بالی وڈ اداکارہ نے بھی ردعمل میں ایکس پر بیان جاری کر دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے کچھ حاصل نہیں کیا وہ اُن لوگوں پر تنقید کرنے کو اپنا حق سمجھتے ہیں جو انتھک محنت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اصل طاقت دوسروں کو نیچا دکھانے میں نہیں بلکہ محنت کرنے اور دوسروں کو لطف اندوز کرنے میں ہے۔
’دبیدی دبیدی‘ کی کوریوگرافی شیکھر ماسٹر کی طرف سے کی گئی۔
بوبی کولی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈاکو مہاراج‘ میں بالاکرشن کو ایک ڈاکو کے طور پر دکھایا گیا ہے، فلم کا ٹریلر ایک دلچسپ کہانی کی طرف اشارہ کرتا ہے جس میں حکمرانوں اور ولن کے زیر تسلط زمین کی تزئین کی نمائش کی گئی ہے۔
’ڈاکو مہاراج‘ کی کاسٹ میں شردھا سری ناتھ، پرگیہ جیسوال اور چاندنی چودھری کے ساتھ ساتھ بوبی دیول بھی مخالف کردار ادا کر رہے ہیں۔