امریکا نے پاکستان کے لیے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ امریکا میں موجود 54 پاکستانی طلبہ ایکسچینج پروگرام کے تحت اپنی تعلیم مکمل کریں گے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے وضاحتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی طلبہ شیڈول کے مطابق پاکستان واپس آئیں گے، انھیں طے شدہ الاؤنس اور مراعات بھی ملتی رہیں گی۔
امریکا نے فل برائٹ پروگرام کی بندش کی اطلاعات بھی غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ دنیا بھر میں اپنے تعلیمی ایکسچینج پروگراموں کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ ان پروگراموں کو ٹرمپ انتظامیہ کی ترجیحات کے مطابق بنایا جا سکے۔
چین پر عائد بھاری ٹیرف کے بعد ٹرمپ کا حیران کن فیصلہ
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے فنڈ کردہ کئی دیگر تبادلہ پروگرام پاکستانی طلبہ کے لیے اب بھی دستیاب ہیں، بشمول فل برائٹ پروگرام، جس کے شرکا اپنے وظیفے اور الاؤنس بدستور وصول کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ وضاحت پاکستان کے لیے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام بند ہونے کی خبروں پر عوامی تشویش کے بعد سامنے آئی ہے۔ گزشتہ دنوں امریکا نے پاکستان کے لیے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔