شکار پور: پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان کے لیے اضافی امداد کا اعلان بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شکار پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جاگھن اور گاؤں مکھنو کا دورہ کیا، ضلعی انتظامی کے افسران نے امریکی سفیر کو بحالی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
امریکی سفیر نے پاکستان کے لیے 3 کروڑ ڈالرز اضافی امداد کا اعلان کیا، انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین سے ملنے کا موقع ملا ہے، سیلابی ریلوں میں ان کے گھر، مال مویشی اور پیارے بہہ گئے۔ سیلاب کی وجہ سے لوگ خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک دی جانے والی امداد 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ہوجائے گی، سیلاب میں تقریباً 23 لاکھ گھروں کو جزوی طور پر نقصان ہوا ہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دنگ رہ گئی ہے، متاثرین کو خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔