واشنگٹن: امریکی اسلحے کی برآمدات مالی سال 2024 کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے مالی سال 2024 میں ریکارڈ 318.7 ارب ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 میں امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے براہ راست دیگر ممالک کو فروخت کیے جانے والے دفاعی سازوسامان کی مالیت 200.8 ارب ڈالر رہی جو مالی سال 2023 کے 170.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں 23.5 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 کے دوران حکومتی سطح پر دیگر ممالک کو فراہم کیے گئے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی مالیت 117.9 ارب ڈالر بنتی ہے جو گزشتہ مالی سال کے 80.9 ارب ڈالر کے مقابلے میں 45.7 فیصد کا اضافہ ہے۔
امریکی اسلحے کی فروخت میں ہونے والے اضافے کی ایک وجہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کے بعد اپنے اسلحہ ذخائر کو دوبارہ بھرنا بھی ہے۔
دوسری جانب امریکا کے وزیر خارجہ نے اہم قدام اُٹھاتے ہوئے تمام غیر ملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کردیے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق معطل کیے گئے پروگراموں میں یوکرین، تائیوان اور اردن کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان امدادی پروگراموں کو ابتدائی طور پر نوے 90 روز کیلئے معطل کیا گیا ہے، صرف اسرائیل اور مصر کو استثنیٰ حاصل رہے گا۔
امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکا کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ تمام امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کردیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ذاتی طور پر اب ان پروگراموں کا جائزہ لے کر ان میں تبدیلی یا مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
امریکہ سے سینکڑوں ‘غیر قانونی تارکین وطن’ ملک بدر
اس خبر کی تصدیق محکمہ خارجہ نے تاحال نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خبر سے امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں کھلبلی پیدا ہوگئی ہے۔