اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے امریکی بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی ہے، وفد نے حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کے لیے سہولتوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی بزنس کونسل کے وفد نے آج وزیر اعظم سے ملاقات کر کے ایز آف ڈوئنگ بزنس سے متعلق حکومتی اقدامات کی تعریف کی، وفد نے مختلف کمپنیوں کی کاروباری سرگرمیوں پر وزیر اعظم کو بریف کیا۔
وفد نے کہا حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بہتری آ رہی ہے، ان سے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
وفد نے وزیر اعظم عمران خان کو کاروباری طبقے کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق تجاویز بھی دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کاروباری برادری کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنا اور منافع بخش کاروبار کے لیے موافق فضا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، حکومت نے ترجیحاتی بنیادوں پر تعمیرات کے شعبے کے لیے مراعات دیں۔
عمران خان نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرے گی۔
دریں اثنا، وفد نے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں امریکن بزنس کونسل کی جانب سے مزید 17 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔