واشنگٹن: امریکا نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیئے، عمران خان پر قاتلانہ حملے پر وزیر خارجہ بیان دے چکے ہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
دوران بریفنگ صحافی نے سوال کیا کہ اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال پر جھوٹے مقدمات بنانے پر امریکا کا کیا مؤقف ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر بات کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتے رہیں گے، آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے اہم ہے۔
ایک اور سوال میں دریافت کیا گیا کہ بھارت روسی تیل لینے والا بڑا ملک بن گیا ہے، کیا آپ کو تشویش ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت روس تعلقات پر بھارتی حکام سے بات ہوتی رہی ہے، بھارت اور روس کے دو طرفہ تعلقات برسوں پرانے ہیں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت واضح کر چکا ہے کہ وہ روسی جنگ کے خلاف ہے، تمام ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کر سکتے ہیں، روس بھارت تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو سرد جنگ میں شروع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین جنگ اورخون ریزی کےخلاف ہے، ضروری ہے روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔