حیدرآباد: امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے حیدرآباد میں اسرا یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی تعلیمی میدان میں ترقی کا خواہاں ہے۔
اسرا یونیورسٹٰی کے چانسلر اسد اللہ قاضی، پرو وائس چانسلر حمید اللہ قاضی اور پروفیسر قمرالدین مہرنے امریکی قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے لمس یونیورسٹی لاہور، آئی بی اے کراچی اور زرعی یونورسٹی فیصل آباد کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی تعلیم کے میدان میں ترقی کے لئے امریکی کاوشوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2011 سے اب تک امریکہ سندھ حکومت کو بنیادی تعلیم کی ترقی کے لئے 155 ملین امریکی ڈالر فراہم کرچکا ہے اور سندھ میں 120 نئے اسکولوں کی تعمیر بھی جاری ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایک لاکھ لڑکیوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنا ہے۔
برائن ہیتھ نے اس موقع پریہ بھی کہا کہ یو ایس ایڈ ریڈنگ پروگرام میں 160 ملین امریکی ڈالر صرف کرکے پاکستان میں دس لاکھ بچوں کی پڑھنے کی صلاحیتوں میں بہتری لائی جارہی ہے۔
انہوں نے اسرا یونیورسٹی کے زیر تحصیل اورفارغ التحصیل طلبہ کو مخاطب کرکے کہا کہ ان کی یونیورسٹی کے اس پہلے بیج کا فارغ التحصیل ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔