ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

اسلحے کی سرعام نمائش کرنے والا وکیل صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں پیش پیش

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی ریاست سینٹ لوئیس میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین کو، اسلحے سے دھمکانے والا وکیل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کا حصہ بن گیا۔

سینٹ لوئیس میں 28 جون کو سیاہ فام امریکی شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ ہوا تھا، فلائیڈ منیا پولس پولیس کے ہاتھوں بے دردی سے قتل ہوگیا تھا۔ یہ مظاہرہ اس احتجاجی لہر کا حصہ تھا جو فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد پورے امریکا میں پھوٹ پڑے تھے اور بعد ازاں پرتشدد شکل اختیار کر گئے تھے۔

ایسے میں ایک شاندار بنگلے کے باہر بندوق لہراتے میاں بیوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جو مظاہرین کو دھمکاتے دکھائی دے رہے تھے۔

سینٹ لوئیس کے رہائشی میاں بیوی مارک اور پیٹریکا مک کلوسکی دونوں وکیل ہیں اور ان کی عمریں بالترتیب 63 اور 61 سال ہے۔

یہ دونوں اب ری پبلکن پارٹی کے نیشنل کنونشن میں شریک ہونے جارہے ہیں جہاں یہ صدر ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کریں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مک کلوسکی کنونشن سے خطاب بھی کریں گے اور لوگوں کو صدر ٹرمپ کو ووٹ دینے کی ترغیب دیں گے۔

ان کی اہلیہ پیٹریکا بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گی لیکن وہ خطاب نہیں کریں گی۔

ری پبلکن پارٹی کا نیشنل کنونشن 24 سے 27 اگست کے درمیان نارتھ کیرولینا میں منعقد ہوگا جس میں مک کلوسکی جوڑے سمیت متعدد شرکا بذریعہ ویڈیو لنک شرکت اور خطاب کریں گے۔

28 جون کو کیا ہوا تھا؟

مذکورہ جوڑا 28 جون کو اس وقت امریکی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا تھا جب یہ اپنے شاندار بنگلے کے باہر اسلحہ لہراتے دکھائی دیے تھے۔ 11 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کے اس بنگلے کے ساتھ کی سڑک بھی جوڑے کی ملکیت تھی۔

مظاہرین جب اس سڑک پر آئے تو دونوں میاں بیوی اسلحہ لے کر باہر آگئے اور مظاہرین کو دھمکانے لگے، مظاہرین وہاں سے گزر کر سینٹ لوئیس کے میئر کے گھر کی طرف، ان سے استعفے کا مطالبہ کرنے جارہے تھے۔

مارک کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی املاک کا دفاع کرنے کا قانونی حق حاصل تھا، ان کے مطابق مظاہرین نے سڑک سے باہر لگے داخلہ ممنوع ہے اور نجی املاک کے سائن بورڈز بھی توڑ دیے تھے۔

جوڑے کا دعویٰ ہے کہ مظاہرین میں کچھ افراد مسلح بھی تھے جن سے انہیں خطرہ محسوس ہوا تو وہ بھی اسلحہ نکال کر باہر آگئے۔

جوڑے پر بعد ازاں اسلحے کی نمائش کامقدمہ بھی دائر کردیا گیا تھا جس کی سزا 4 برس تک ہوسکتی ہے، ان کی سیاسی وابستگی کے باعث فی الحال اس مقدمے پر قانونی مشاورت جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں