واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک کو دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے ڈالر کے متبادل کرنسی استعمال کی تو ان پر 100 فی صد ٹیکس لگا دیا جائے گا۔
ہفتے کے روز ٹرتھ سوشل پر نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ برکس ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے ڈالر کے متبادل کرنسی استعمال کی تو وہ ان پر 100 فی صد ٹیکس لگا دیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر برکس ممالک نے امریکی ڈالر کو کمزور کرنے کے لیے کوئی اقدام کیا یا متبادل کرنسی کی حمایت کی تو اس کے نتائج ممبر ممالک کی معیشت کے لیے خطرناک ہوں گے، انھیں امریکا میں اپنی اشیا فروخت کرنے سے محروم ہونا پڑے گا۔
انھوں نے کہا متبادل کرنسی کا استعمال کرنے والے ملک کو امریکی منڈیوں تک رسائی نہیں ملے گی، عالمی معیشت میں امریکی ڈالر کے متبادل کا کوئی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ برکس ممالک کا عالمی منڈیوں اور گروپ ممالک کے درمیان ڈالر کی بجائے اپنی کرنسی میں تجارت کا منصوبہ زیر غور ہے، ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا تھا کہ اکتوبر میں برکس ممالک کے سربراہی اجلاس میں، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ امریکا ڈالر کو ہتھیار بنا رہا ہے، پیوٹن نے اسے ’’بڑی غلطی‘‘ قرار دیا۔
برکس اتحاد اصل میں برازیل، روس، بھارت اور چین پر مشتمل تھا، اب اس میں 5 دیگر ممالک شامل ہیں: جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات۔ مجموعی طور پر 9 ممالک پر مشتمل BRIC گروپ دنیا کی آبادی کا 45 فی صد ہے۔ ترکی، آذربائیجان اور ملائیشیا نے بھی رکن بننے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔