امریکا کے صدارتی الیکشن میں ووٹ نہ دینے پر دل برداشتہ خاتون نے اپنی زندگی کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے منگنی ہی توڑ دی۔
امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیابی حاصل کر کے دوسری بار صدر منتخب ہوگئے لیکن الیکشن کے دن ایک ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا جب ایک خاتون نے ووٹ نہ دینے پر اپنے منگیتر کو غیر ذمے دار قرار دیتے ہوئے منگنی توڑ ڈالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کی رہائشی 26 سالہ خاتون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے اس فیصلے کے بارے میں پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
خاتون نے لکھا کہ ’’ہم فلوریڈا میں رہتے ہیں اور میرے ہونے والے شوہر نے ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی امیدوار کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
خاتون نے کہا کہ وہ اور اس کے منگیتر کے خیالات ایک جیسے ہیں، لیکن وہ یہ نہیں سمجھ پا رہیں کہ ان کا منگیتر اپنے جمہوری حق رائے دہی کو لے کر اتنا لاپروا کیوں ہے۔ آخر ووٹنگ سے گریز کرنے کی کیا وجہ ہے؟
امریکی صدارتی انتخاب 2024
انہوں نے لکھا کہ اس نے اپنے منگیتر کے انتخابی عمل میں شامل نہ ہونے کے سبب رشتہ توڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میرے منگیتر نے ووٹ نہیں دیا جس سے مجھے ایک اخلاقی بحران کا سامنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے صارفین کے سامنے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا میرے لیے اس وجہ سے رشتہ توڑنا غلط ہوگا؟
خاتون کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا ہے کچھ لوگ اس فیصلے کے حامی ہیں تاہم اکثریت نے صرف ووٹ نہ دینے پر رشتہ توڑنے کو غلط فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ووٹ کرنا ہر شخص کا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے اور اس پر کسی رشتے کی بنیاد نہیں رکھی جانی چاہیے۔