اسلام آباد: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر پاکستان میں مٹھائی بانٹنے والوں کا منہ کروا رہے گا۔
کامران ٹیسوری نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بنے ہیں انہیں اور امریکا کو مبارک ہو، پاکستانیوں کو پاکستان اور اپنے لوگ مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کا پاکستان میں جشن منانے والے خوش فہمی میں نہ رہیں، بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانا مثال سنی تھی آج دیکھ بھی لی، خواہ مخواہ دیوانا ہونے والوں کو دیکھ کر افسوس ہوا ترس آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر ڈھول بجانے والے پاکستانیوں کو صرف تھکان ملے گی، خدا کرے نومنتخب صدر امریکا کی معیشت بہتر بنائیں اور دنیا میں امن لائیں۔
قبل ازیں، گورنر سندھ نے آذربائیجان کی نگوروکاراباخ جنگ میں تاریخ ساز فتح کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کی جہاں آذربائیجان کے سفر اور دیگر سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
تقریب میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ جمہوریہ آذربائیجان کی قوم کو تاریخ ساز فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک آذربائیجان دوطرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان سے تجارت میں اضافے کے خواہشمند ہیں، آذربائیجان کے انویسٹرز کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، ایس آئی ایف سی منصوبہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔