اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سفارتخانے کی یروشلم منتقلی سے بازرہیں، شاہ سلمان

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی : سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس اقدام سے باز رہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات تک پہنچنے سے پہلے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کو یروشلم میں منتقل کرنے کا فیصلہ مسلمانوں کی جذبات کو مجروح کرے گا۔

یہ بات انہوں نے امریکی صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ رات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرمانروا کو ٹیلیفون کرکے ان سے تازہ ترین صورت حال بالخصوص امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی اور دیگر امور پر گفتگو کی۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمان بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ جو مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے کے تقدس کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔

کسی بھی مستقل حل تک پہنچنے سے قبل یروشلم کی صورت حال کے بارے میں کوئی امریکی اعلان امن مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتا ہے جو علاقے میں کشیدگی کا باعث ہوگا۔


مزید پڑھیں: امریکا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ بنانے سے بازرہے، ترک صدر


واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکہ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے ممکنہ فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں