ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

امریکی صدرکے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کل پاکستان پہنچیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : امریکی صدرکےنمائندہ خصوصی افغان مفاہمتی عمل زلمےخلیل زادکل پاکستان پہنچیں گے، دورے کامقصد افغانستان سے فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پر مشاورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کل پاکستان پہنچ رہے ہیں ، زلمےخلیل زادکےہمراہ امریکی ڈپٹی وزیرخارجہ ایلس ویلزبھی آئیں گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمےخلیل زاد کا دورہ پاکستان 15 سے 19 جنوری تک ہوگا، دورے میں سول وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ باقاعدہ طور پر وفود کی سطح پر دفترخارجہ میں مذاکرات بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دورے کامقصدافغانستان سےفوجی انخلا،افغان طالبان سےبات چیت پرمشاورت ہے۔

یاد رہے 9 جنوری کو امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں چارممالک کے دورے پر روانہ ہوئے تھے ، جس میں پاکستان،بھارت،چین اورافغانستان شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا پُرامن سیاسی حل چاہتے ہیں، افغان تنازع کاواحدحل یہ ہےکہ فریقین مل کر بیٹھیں، ہمارامقصد افغانستان میں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے، افغان تنازع کے پُر امن حل کے لئے ہر کاوش کے ساتھ ہیں۔

اس سے قبل دسمبر میں بھی امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاتیں کیں تھیں، جس میں  افغانستان میں امن عمل پر بات چیت کی گئی تھی۔

خیال رہے طالبان نے امریکی حکام سے طے شدہ مذاکرات ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کردیے تھے، طالبان کا کہنا تھا کہ فریقین نے مذاکرات منسوخ کرنے پراتفاق کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں