امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید ویزے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ میں نے کسی طالب علم کو ڈی پورٹ نہیں کیا، طالب علموں کے ویزے منسوخ کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ یہاں پڑھنے آتے ہیں، پھر تعلیمی اداروں، ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، ہم مزید ویزے منسوخ کرنے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے موجودہ صورتحال میں اسرائیل کے ساتھ مذاکرات ختم کردیے ہیں، اسرائیل اور سعودی عرب کو قریب لانا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں امریکی سینیٹرز نے پاک بھارت کشیدگی ختم کروانے پر مارکو روبیو کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اسرائیل غزہ کی صورت حال پر سوالات کیے گئے، متعدد امریکی سینیٹرز نے مارکو روبیو سے نیتن یاہو کے حالیہ بیانات پر سوالات کیے۔
امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے کہا ہے وہ غزہ سمیت دیگر علاقوں پر بھی قبضہ کریں گے، اسرائیلی فوج غزہ میں امدادی سامان جانے نہیں دے رہی جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں امداد کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کی باقیات ک ختم کرنا چاہتا ہے، حماس کے ہوتے ہوئے غزہ کے لوگ خوشحال نہیں ہوسکتے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت توجہ مغویوں کی واپسی اور امداد کی فراہمی پر ہے۔