اشتہار

امریکا ایران پر کیا نئی پابندیاں لگانے جا رہا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: اسرائیل پر حملے کے بعد امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں لگانے کی تیاری کر لی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرامز پر نئی پابندیاں لگائی جائیں گی، امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیوں کا مقصد اس کی عسکری طاقت کو محدود کرنا ہے۔

جیک سلیوان نے کہا کہ پابندیوں اور دیگر اقدامات سے ہم ایران پر دباؤ برقرار رکھیں گے۔ بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ امریکا اور یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے کے بعد ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں اس سلسلے میں اقدام اٹھائے جانے کی توقع رکھتی ہیں، جب کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ بلاک پابندیوں کے سلسلے میں کام کر رہا ہے۔

اسرائیل نے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کر دی

اسرائیل نے اپنے اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تہران کے میزائل پروگرام پر پابندی لگائیں، واضح رہے کہ اس پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں گزشتہ اکتوبر میں ختم ہو گئی ہیں، یہ پابندیاں ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے وسیع معاہدے سے منسلک تھیں۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیل پر ایران کے پہلے براہ راست حملے میں ایران، عراق، شام اور یمن سے فائر کیے گئے 300 سے زیادہ میزائلوں اور ڈرونز کی ایک لہر دیکھی گئی، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیل اور اس کے اتحادیوں نے مار گرایا۔ تہران نے کہا کہ یہ حملہ یکم اپریل کو شام میں اس کے قونصل خانے پر اسرائیلی فضائی حملے کا بدلہ ہے، جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری طرف برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی آج رات اسرائیل آمد متوقع ہے، وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون غزہ میں امداد بڑھانے، یرغمالیوں کی رہائی اور ایرانی حملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں