واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ زمام اقتدار سنبھالنے سے قبل ہی بڑے تنازعات میں خود کو الجھاتے جا رہے ہیں، اس بار انھوں نے امریکا کا نیا نقشہ پیش کر دیا ہے، جس میں کینیڈا کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایسے امریکی نقشوں کی تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں کینیڈا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
نقشے میں کینیڈا اور امریکا کو ایک ملک دکھایا گیا ہے، پورے نقشے پر امریکا کا جھنڈا بنا ہے، اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں ٹرمپ نے ’او کینیڈا‘ بھی لکھا ہے۔
یہ نقشے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، ناقدین لکھ رہے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اب کہ کینیڈا کے جنون میں مبتلا ہو گئے ہیں، انھوں نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان موجود سرحد کے بارے میں کہا تھا کہ یہ بس ایک مصنوعی لکیر ہے، جس سے چھٹکارا پایا جائے تو یہ قومی سلامتی کے لیے بہتر ہوگا۔
انھوں نے کہا یہ نہ بھولیں کہ ہم ہی کینیڈا کی حفاظت کر رہے ہیں، میں کینیڈا کے لوگوں سے محبت کرتا ہوں، لیکن یہاں کینیڈا کے ساتھ ایک مسئلہ ہے، ہم اس کی حفاظت کے لیے ایک سال میں سیکڑوں اربوں خرچ کر رہے ہیں، لیکن تجارتی خسارے میں ہار جاتے ہیں۔
ٹرمپ اور کینیڈین حکام کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی
منگل کو 41 ملین آبادی والے ملک کینیڈا کے سلسلے میں اپنا مقدمہ پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کو معاشی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جوڑنے کی کوشش کریں گے، اور درمیان میں موجود مصنوعی لکیر کو ختم کریں گے۔
دوسری طرف کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے، کہ کینیڈا قیامت تک امریکا میں ضم نہیں ہو سکتا۔