واشنگٹن: امریکا یوکرین کو ہتھیاروں کی امداد کا سب سے بڑا پیکج دینے جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا روس کے خلاف جنگ کے لیے یوکرین کو مزید 3 ارب ڈالر کی نئی فوجی امداد فراہم کرے گا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یوکرین کو دیے جانے والے جنگی ساز و سامان میں کوئی نیا ہتھیار شامل نہیں ہے بلکہ وہ ہی ہوں گے جو گزشتہ پیکج میں فراہم کیے گئے تھے۔
روسی حملے کے بعد یوکرین کے لیے امریکی ہتھیاروں کی امداد کا یہ سب سے بڑا پیکج ہے، امریکی یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 10.6 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق امریکی سیکیورٹی امداد ایک طویل مدتی مہم کی طرف منتقل ہو رہی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مستقبل میں مزید امریکی فوجی دستے یورپ میں رکھے جائیں گے، موجودہ تین بلین ڈالرز کی امداد بھی اسی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے یوکرینی فوج کو تربیت یافتہ اور اسے پتھیاروں سے لیس کیا جائے گا تاکہ وہ آنے والے کئی سالوں تک لڑ سکیں۔
امریکی حکام نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ پیکج کا اعلان بدھ کے روز یعنی آج متوقع ہے، آج روس یوکرین جنگ کو 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں اور یوکرین اپنا یوم آزادی منا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ رقم زیادہ سے زیادہ تین قسم کے ڈرونز، اور دیگر ہتھیاروں، گولہ بارود اور فوجی ساز و سامان کے معاہدوں کو فنڈ کرے گی۔
یہ امدادی پیکج یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کے تحت فراہم کی جا رہی ہے، ڈرونز میں چھوٹے، ہاتھ سے لانچ کیے جانے والے پوما ڈرون، طویل عرصے تک چلنے والے اسکین ایگل سرویلنس ڈرون، جو کیٹاپلٹ کے ذریعے لانچ کیے جاتے ہیں، اور برطانوی ویمپائر ڈرون سسٹم شامل ہیں، جسے بحری جہاز سے لانچ کیا جا سکتا ہے۔