تہران: ایرانی پارلیمان کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن اور جوہری کمیٹی کے چئیرمین محمد ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ امریکا اپنی قدر کھو چکا ہے اور مذاکرات کے لیے قابل اعتبار نہیں رہا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا ہمیشہ سے مذاکرات کے لیے قابل اعتبار نہیں رہا اور مستقبل میں بھی ایسی ہی صورت حال دکھائی دیتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محمد ابراہیم نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی شہرت بھی کھو چکا ہے، ایران سے متعلق اس کی تمام تر حکمت عملی ناکام ہوگی۔
قبل ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی اپنے ایک بیان میں امریکا کی نئی پابندیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ناکام قرار دیا تھا۔
دوسری جانب ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ا مریکی پابندیوں کے باعث ایرانی چینلز پیسے کمانے کے لیے پروڈیوسروں کی شناخت مخفی رکھ کران کا تیار کردہ فلمی مواد یوٹیوب پر چلارہی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ دنوں ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکا کی نئی پابندیاں، روس نے ایران کی حمایت کردی
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، ایک روز قبل ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دے کر واپس لیا جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔