نیویارک : امریکا نے پاکستان کو تجارتی معاہدہ کرنے کی پیشکش کردی، وزیراعظم عمران خان نے پاک امریکا تجارت بڑھانے کی امریکی پیشکش کاخیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی مضبوطی میں ایک اور بڑا بریک تھرو سامنے آیا، امریکا نے پاکستان کو تجارتی معاہدہ کرنے کی پیشکش کردی۔
وزیراعظم عمران خان سے امریکی وزیر تجارت کی ملاقات ہوئی ، جس میں پاکستان اور امریکا کےدرمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی وزیر تجارت نے کہا پاکستان اورامریکا کےدرمیان محض 4 ارب ڈالرکی تجارت بہت کم ہے، تجارتی حجم کو بڑھانا ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان نے پاک امریکا تجارت بڑھانے کی امریکی پیشکش کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک میں تجارتی اورمعاشی سرگرمیوں کافروغ نا گزیر ہے، پاکستان اور امریکامیں تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پرمعاہدے پرپیش رفت جلد ہو گی۔
یاد رہے ستمبر میں امریکی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد باہمی تجارتی حجم کو بارہ گنا تک بڑھانے کے فیصلہ کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس نے اعلامیے میں کہا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 2018 میں 6.6 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کا نیا ریکارڈ بنا، پاکستان کی برآمدات بڑھنے سے امریکا میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں۔
بزنس کمیونٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا