نیویارک : سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے نیویارک میں ہورہا ہے۔تفصیلات کے مطابق یو ایس اوپن میں ٹائٹل کی جنگ کا آغاز آج سے نیویارک میں ہوگا۔
جس میں دنیا کے بہترین کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے ۔ ایونٹ میں مینز میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ اور ریکارڈ گرینڈ سلم ونر سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
فیڈرر سترہ گرینڈ سلم جیت چکے ہیں اور وہ گزشتہ چھ سال سے یو ایس اوپن میں ناکام ہوتے آرہے ہیں۔ سنسناٹی میں جوکووچ کو شکست دینے کے بعد سوئس کھلاڑی اٹھارواں ٹائٹل جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔
اسپین کے اسٹار پلئیر رافیل نڈال اور برطانیہ کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے نے بھی سال کے آخری میگا ایونٹ کے لئے کم کس لی ہے۔
ویمن میں امریکہ کی سرینا ولیمز تاریخ رقم کرنے کے لئے میدان میں اتریں گی۔ سرینا نے سال کے ابتدائی تینوں گرینڈ سلم جیتے اور وہ یو ایس اوپن جیت کر اسٹیفی گراف کا بائیس گرینڈ سلم کا ریکارڈ برابر سکتی ہیں۔
ادھر گولڈن گرل روس کی ماریہ شراپوا انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوچکی ہیں۔