اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کے معاملے پر ردعمل کے بارے میں بتا دیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان کی جانب سے مصنوعات پر ٹرمپ کے ٹیرف کا ردعمل کیا ہوگا؟ محمد اورنگزیب نے جواب دیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعمیری مذاکرات کرنے جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد امریکا جائے گا اور واشنگٹن کے ساتھ مثبت بات چیت کی جائے گی، تعمیری بات چیت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر کیا اثرات ہوں گے؟
چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی برآمدات میں اضافے اور امریکا کے نئے ٹیرف پر اجلاس ہوا تھا جس میں امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات اور نئے ٹیرف پر مذاکرات کیلیے وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کی شمولیت کی ہدایت کرتے ہوئے وفد کو نئے ٹیرف پر مذاکرات کے بعد مستقبل کیلیے مفید لائحہ عمل کا ٹاسک دے دیا تھا۔
گزشتہ روز ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے امریکا کی جانب سے پاکستان پر ٹیرف کے نفاذ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیرف کے نفاذ کو نوٹ کیا ہے اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بابت ایک کمیٹی بنائی ہے، ٹیرف کا ترقی پذیر ممالک پر اثر ہو رہا ہے معاملے کو حل کرنا چاہیے۔