واشنگٹن: ان امریکی شہریوں کے لیے بری خبر ہے جو پاسپورٹ پر اپنی جنس کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کرنا چاہتے، اور جنس کے خانے میں X لکھ دیتے ہیں، ایسے شہریوں کو پاسپورٹ اجرا بند کر دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، اور ایسے لوگوں کو پاسپورٹ جاری کرنا بند کر دیا گیا ہے جنھوں نے جنس کے خانے میں ’ایکس‘ لکھا ہے۔
یہ وہ لوگ ہیں جو مرد یا عورت سے ہٹ کر جنسی شناخت رکھنا چاہتے ہیں یا اپنی جنس ہی ظاہر کرنا پسند نہیں کرتے، اے ایف پی کے مطابق وزارت خارجہ اب ان افراد کے لیے امریکی پاسپورٹ جاری نہیں کرے گی، جن کے شناختی کارڈ پر ایکس کا نشان لگایا گیا ہو۔
سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے بدھ کے روز محکمہ خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ ان تمام درخواستوں کو روک دے، جس میں جنس مارکر کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، یا جن میں X جنس مارکر لکھا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق پہلے سے جاری شدہ X درجہ بندی والے پاسپورٹس سے متعلق رہنمائی جلد جاری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پیر کو اپنے دور صدارت کے افتتاح کے دن ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے، جس میں انھوں نے اپنی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ پیدائش کے وقت طے شدہ صرف 2 جنسوں کے وجود کو تسلیم کیا جائے گا۔
غزہ میں ملبے کی صفائی کے دوران فلسطینی کہاں جائیں؟ ٹرمپ کی انوکھی تجویز یا نسلی تطہیر کا منصوبہ؟
ریپبلکن صدر نے 20 جنوری کو واشنگٹن اپنی حلف برداری کی تقریب کے دوران کہا تھا کہ آج سے امریکی حکومت کی سرکاری پالیسی یہ ہوگی کہ صرف دو جنسیں مرد اور عورت کی ہوں گی۔ یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے ایکس جنس والا پہلا پاسپورٹ اکتوبر 2021 میں جاری کیا تھا۔