واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کو دوران صدارت ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے شائع ہونے والی سالانہ رپورٹ کے مطابق صدر جو بائیڈن اور ان کے اہل خانہ کو 2023 میں غیر ملکی رہنماؤں کی طرف سے ہزاروں ڈالر کے تحائف دیے گئے تھے۔
اس فہرست کے مطابق سن 2023 میں امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کو سب سے مہنگا تحفہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے موصول ہوا، جو کہ 7.5 قیراط کا ایک ہیرا تھا جس کی قیمت تقریباً 20 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون اول کو یوکرینی سفیر کی جانب سے 14 ہزار ڈالرز مالیت کا بروچ اور ایک بریسلیٹ بھی تحفے میں ملا جبکہ مصر کے صدر نے 4500 ڈالر مالیت کا تصویری البم اور بریسلٹ دیا۔
اس کے علاوہ خود امریکی صدر نے کئی مہنگے تحائف وصول کیے جن میں جنوبی کوریا کے حال ہی میں مواخذہ کیے جانے والے صدر سک یول یون کی جانب سے 7100 ڈالر کی یادگاری تصویری البم تھی۔
ملنے والے تحائف میں منگول وزیراعظم کا 3500 ڈالر کا منگول جنگجو کا مجسمہ، برونائی کے سلطان کی جانب سے 3300 ڈالر کا چاندی کا پیالہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کو اسرائیل کے صدر کی جانب سے 3100 ڈالر کی اسٹرلنگ سلور ٹرے، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی طرف سے 2400 ڈالر مالیت کا کولاج دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صدارت کی مدت ختم ہونےکے بعد تمام تحفے محکمہ آرکائیو میں جمع ہوجائیں گے، صدراتی جوڑے کے پاس تحفے خریدنے کا آپشن بھی ہوگا۔
ٹرمپ نے بائیڈن کو امریکہ کا بدترین صدر قرار دے دیا