امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیسری عالمی جنگ زیادہ دور نہیں ہے تاہم ان کی قیادت میں امریکا اس کو روک دے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز میامی میں ایف آئی آئی کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیسری عالمی جنگ زیادہ دور نہیں ہے تاہم ان کی قیادت میں امریکا اس جنگ کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیشرو سابق امریکی صدر بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی انتظامیہ جاری رہتی تو دنیا میں جنگ بھی جاری رہتی۔ تیسری عالمی جنگ سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا مگر یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ یہ جنگ اب دنیا سے دور نہیں ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے وہ ممالک کو ان کبھی نہ ختم ہونے والی احمقانہ جنگوں سے روکیں گے۔ امریکا نہ خود کسی جنگ کا حصہ بنے گا اور نہ ہی مزید جھنگ چھڑنے دے گا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس خطاب سے ایک روز قبل یوکرین میں جاری جنگ پر یوکرینی کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر تنقید کرتے ہوئے ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ امریکا کو ایسی جنگ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کر رہا ہے جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ جیت نہیں سکتے۔
ٹرمپ نے زیلنسکی کو بغیر انتخابات کے ڈکٹیٹر بھی کہا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ٹرمپ نے لکھا، ذرا تصور کریں، ایک اعتدال پسند کامیاب کامیڈین وولوڈیمیر زیلنسکی نے امریکا کو 350 بلین ڈالر خرچ کرنے کے لیے ایک ایسی جنگ میں جانے کے لیے راضی کیا جو جیتی نہیں جا سکتی۔