جمعرات, مارچ 6, 2025
اشتہار

جو ملک امریکا پر ٹیرف لگائے گا اس پر جوابی ٹیرف لگائیں گے ، امریکی صدر

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جو ملک امریکا پر ٹیرف لگائے گا اس پر جوابی ٹیرف لگائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنے ابتدائی 43دنوں میں زیادہ تر انتظامی امور انجام دیئے، آج اس چیمبر میں یہ اطلاع دینے آیا ہوں کہ امریکی کی ترقی کی رفتارواپس آگئی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری روح، ہمارا فخر اور ہمارا اعتماد واپس آگیا ہے امریکی خواب پہلے سے کہیں بڑے اور بہتر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، اب امریکی خواب کوروکنا ممکن نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایسی واپسی کے دہانے پر ہے جس کا دنیا نے کبھی مشاہدہ نہیں کیا تاریخ میں پہلی بار امریکیوں کی اکثریت کو یقین ہے کہ ہماراملک درست سمت میں جارہا ہے۔

امریکی صدر نے بائیڈن حکومت پر تنقید کرتے پچھلی انتظامیہ سے ہمیں معاشی تباہی اور افراط ذر کا ڈراونا خواب ملا تھا،بائیڈن کی پالیسیوں نے توانائی،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بڑھا دیا اور زندگی کی ضروریات کو لاکھوں امریکیوں سے دور کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے 48 سالوں میں بدترین مہنگائی کا سامنا کیا، بطور صدر مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کررہا ہوں، افراط زرکو شکست دینےکےلیےکوشش ہماری بڑی ترجیح ہے، ہم کوتوانائی کی قیمتوں فوری کمی کرنا ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پچھلی انتظامیہ نےتیل اورگیس کی نئی لیزکی تعدادمیں 95 فیصد کمی کی، پائپ لائن کی تعمیر کو روک دیا اور 100 سے زیادہ پاور پلانٹس بند کر دیئے، اسی لیے میں نے اپنے پہلے دن ہی قومی توانائی کی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکی عوام کا پیسہ امداد کے نام پر ضائع کیا گیا، جو ملک امریکا پر ٹیرف لگائے گااس پر جوابی ٹیرف لگائیں گے۔

ان کا بتانا تھا کہ ہم الاسکا میں بہت بڑی قدرتی گیس پائپ لائن پر بھی کام کر رہے ہیں، اس منصوبے میں جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک ہمارے ساتھی بننا چاہتے ہیں،یہ ممالک اس منصوبے میں کھربوں ڈالر خرچ کرنے جارہے ہیں، کانگریس کوفنڈنگ کی ایک تفصیلی درخواست بھیجی ہے، توقع ہے کانگریس مجھے یہ فنڈنگ بلا تاخیر بھیجے گی۔

ٹرمپ نے کہا کہ گولڈ کارڈ کا اجرا کررہے ہیں جو جلد پیش کردیا جائیگا، جو اس کی قیمت ادا کرے گا اس کو امریکی سٹیزن شپ دی جائیگی، گولڈ کارڈ رکھنے والوں کی وجہ سے ہمارے قرضوں میں کمی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور میکسیکو کو اربوں ڈالر کی سبسڈی دی ،اب نہیں دیں گے، ڈیموکریٹ کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر امریکا کو عظیم بنائیں۔

یوکرین تنازعہ کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین تنازعہ کے خاتمے کے لیے بھی انتھک محنت کر رہا ہوں، لاکھوں یوکرینی اور روسی تنازعہ میں بلاوجہ ہلاک یا زخمی ہو چکےہیں، امریکا نے یوکرین کے دفاع کے لیے سیکڑوں بلین ڈالر بھیجے ہیں جبکہ یورپ نے یوکرین کی امداد سے زیادہ روسی تیل اور گیس پر رقم خرچ کی ہے، بائیڈن نے اس لڑائی میں یورپ سے زیادہ رقم خرچ کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں