بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

امریکا میں صدارتی الیکشن کے روز دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والا گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن کے دن دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست اوکلاہوما سے افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن والے دن دہشتگردانہ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے گرفتار 27 سالہ ناصر احمد توحیدی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان شہری داعش کے نام پر صدارتی الیکشن کے دن حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

- Advertisement -

گرفتار شخص سے متعلق یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کیمروں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے آن لائن انفارمیشن تلاش کی۔ ملزم نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے ویب کیمروں کو بھی آن لائن چیک کیا۔

اس کے علاوہ ناصر پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے اُن ریاستوں کی معلومات حاصل کیں جہاں بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے اور اس سازش میں اس کا کم عمر بہنوئی بھی ملوث ہے۔ اس کو پیر کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک خفیہ ایجنٹ سے دو 47 رائفل خریدنے کے لیے ملاقات کرنے آیا تھا۔

گرفتاری کے بعد ناصر توحیدی نے سیکیورٹی حکام کو بتایا کہ وہ الیکشن کے دن لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس دوران وہ اور ان کے ساتھی شہادت کے خواہش مند تھے۔

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کا کہنا ہے کہ ہم داعش اور اس کے حامیوں کی جانب سے امریکی قومی سلامتی کو عائد خطرات کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور ہم ایسے افراد کی شناخت اور ان سے تفتیش کر کے ان کے خلاف مقدمہ چلائیں گے۔

ناصر احمد توحیدی سال 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزا پر امریکا آیا تھا اور اوکلاہوما شہر میں رہائش پذیر تھا۔

واضح رہے کہ اسپیشل امیگرینٹ ویزا پروگرام پر ایک سال کے دوران وہ 50 افراد داخل ہو سکتے ہیں، جو افغانستان یا عراق میں امریکی افواج یا چیف آف مشن کے تحت بطور ٹرانسلیٹر کام کرتے رہے ہیں۔

تاہم محکمہ انصاف کی جانب سے عائد الزامات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا ناصر توحیدی افغانستان میں بطور ٹرانسلیٹر کام کر رہا تھا؟

یاد رہے کہ آئندہ ماہ امریکا میں چار سالہ مدت کے لیے صدارتی انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ ڈیموکریٹ کی جانب سے موجودہ نائب صدر کاملا ہیرس جب کہ ری بپلیکنز کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں