منگل, جنوری 28, 2025
اشتہار

امریکا نے تشدد میں ملوث اسرائیلی تنظیم ’امانا‘ پر پابندیاں لگا دیں

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکا نے پیر کے روز اسرائیلی آبادکاروں کی تنظیم ’امانا‘ پر پابندیاں عائد کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا امریکا میں امانا کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں، یہ تنظیم اب کسی قسم کا لین دین نہیں کر سکتی۔

امریکی محکمہ خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر یہ وضاحت بھی کی ہے کہ امریکا میں ’امانا‘ تنظیم اور اس کے ذیلی ادارے ’بنیانی بار امانا‘ پر پابندیاں اس لیے لگائی ہیں کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث افراد اور آبادکاری کی سرگرمیوں کی مالی مدد اور معاونت کر رہے تھے۔

- Advertisement -

اسرائیلی میڈیا نے اس پر رد عمل میں کہا ہے کہ ٹرمپ کے جیتنے کے بعد بائیڈن انتظامیہ کا اس طرح کا اقدام غیر مؤثر ثابت ہوگا، کیوں کہ وہ اسے واپس لینے کا اعلان کر سکتے ہیں، تاہم اس طرح کی پابندیوں میں امریکا کی پیروی کرنے والے دیگر مغربی ممالک کو اس سے مزید شہ ملے گی۔

تارکین وطن امریکی تاریخ کی بڑی بے دخلی کے لیے تیار ہو جائیں، فوج بھی استعمال ہوگی

پابندیاں عائد ہونے کے بعد امریکا میں قائم اسرائیلی بینک اور دیگر ادارے اس تنظیم کو سروسز فراہم نہیں کر سکیں گے، امریکی شہری اور تنظیمیں بھی اس کو چندہ نہیں دے سکیں گی۔

واضح رہے کہ ’امانا‘ پر الزام ہے کہ اس نے آبادکاری چوکیوں کو قرضے اور مالی مدد فراہم کی، اس سے قبل ’میٹاریم‘ فارم پر بھی اسی بنا پر امریکی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، امریکی ٹریژری کے مطابق تنظیم اپنی مالی مدد اور انفراسٹرکچر کو مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کو بڑھانے اور فلسطینی زمینوں کو ضبط کرنے کے لیے بھی استعمال کرتی ہے۔

مغربی کنارے پر 1967 سے اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے، 7 اکتوبر 2023 سے قبل سے ہی مغربی کنارے میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا تھا، تاہم 7 اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں پر تشدد کارروائیاں مزید تیز ہو گئیں، فلسطینیوں کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سینکڑوں فلسطینی ان آباد کاروں کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں