واشنگٹن : امریکی سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی ، امریکی ایوان نمائندگان صدرٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظورکر چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال اور بلاجواز اقدامات کے الزمات پر امریکی صدر کے خلاف مواخذہ کی تحریک پر امریکی سینیٹ میں آج کارروائی شروع ہوگی۔
اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان میں صدرٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تحریک منظور کی گئی تھی ، قرارداد کے حق میں 228جب کہ مخالفت میں193 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے ، جس کے بعد ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے قرارداد پردستخط کرکے سینیٹ کوارسال کی۔
اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنی قوم کے سامنے جواب دہ ہیں۔
مزید پڑھیں : ٹرمپ کے وکلاء نے مواخذے کو عوام پر خطرناک حملہ قرار دے دیا
خیال رہے امریکی ایوان نمائدنگان میں اپوزیشن جبکہ سینیٹ میں صدرٹرمپ کی پارٹی کواکثریت حاصل ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر کے وکلاء نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی کارروائی عوام پر خطرناک حملہ اور آئندہ ہونے والے صدارتی الیکشن کو متاثر کرنے کی شرمناک حرکت قرار دیا ہے۔
یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں ایوان نمائندگان کی عدلیہ کمیٹی نے ٹرمپ پر دو الزامات عائد کیے تھے ، جس میں سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی ہے۔
ڈیموکریٹس نے دوسرا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔.
واضح رہے 25 ستمبر 2019 کو دیموکریٹس کی رکن اور ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عہدے اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کے تحت مواخذے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
امریکی تاریخ میں آج تک صرف دو امریکی صدور کا مواخذہ ہوا ہے، جن میں 1998 میں بل کلنٹن اور 1868 میں اینڈریو جانسن کو مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔