جمعرات, اپریل 3, 2025
اشتہار

امریکی سینیٹر کی ٹرمپ کیخلاف 25 گھنٹے طویل تقریر

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی ڈیمو کریٹک سینیٹر اور صدارتی امیدوار بننے کے سابق خواہش مند کوری بوکر نے سینیٹ میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف جارحانہ میراتھون تقریر کی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینیٹر کوری بوکر نے امریکا کے ایسٹرن وقت کے مطابق 31 مارچ کی شام 7 بجے اپنی تقریر شروع کی تھی، جسے وہ پوری توانائی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی سینیٹ میں اس سے قبل طویل ترین تقریر کا ریکارڈ جنوبی کیرولائنا کے سینیٹر اسٹرام تھرمنڈ نے قائم کیا تھا۔ انہوں نے 1957 میں سول رائٹس ایکٹ پر 24 گھنٹے 18 منٹ تقریر کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ریاست نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر کوری بُوکر کا تقریر شروع کرنے قبل کہنا تھا کہ وہ جب تک جسمانی طورپر قابل ہیں، یہ تقریر کرتے رہیں گے۔

کوری بوکر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر وار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، دوران تقریر اُن کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہم سب کو اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ ہماری قوم کے لیے عام حالات نہیں، امریکی عوام اورامریکی جمہوریت کوسنگین اورفوری خطرات لاحق ہیں۔

سینیٹر کوری کے پاس صفحات کا پلندہ موجود ہے جو سینیٹر کے مطابق ان کے حلقے کے عوام کے خطوط ہیں جنہیں وہ پڑھ کر عوام کے تحفظات اور خدشات سے امریکا کو آگاہ کررہے ہیں۔

وہ میراتھون تقریر کے دوران سینیٹرز کے سوالات کے جوابات بھی باقدگی سے دے رہے ہیں، کئی ڈیموکریٹک سینیٹرز نے طویل سوالات کرکے سینیٹر کوری بُوکر کو سانس لینے کا موقع دیا تاہم سوالات کا موقع دیتے ہوئے سینیٹر کی جانب سے واضح طور پر کہا جاتا رہا کہ وہ فلور نہیں چھوڑیں گے۔

سینیٹ میں سینیٹر بُوکر سے سوال پوچھنے سے پہلے ڈیموکریٹک لیڈر چک شُومر نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قوت، استقامت اور وضاحت حیران کن ہے، پورے امریکا کی توجہ آج کی طرف مرکوز ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں