منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

جان مکین کے انتقال پروزیر خارجہ اور آصف زرداری کا اظہار افسوس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق صدر آصف زرداری نے جان مکین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سینیٹر نے پاکستان امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے بیش بہا کوششیں کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹرجان مکین کےانتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام مرحوم سینیٹرکےخاندان کےساتھ ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سینیٹر مکین نے پاکستان امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے بیش بہا کوششیں کی اور خطے میں امن و استحکام کے لئے ہمیشہ باہمی تعاون پر زور دیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹر جان مکین کے دنیا سے گزر جانے کے بعد امریکا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔

مملکت خداداد پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی جان مکین کے انتقال پر امریکی حکومت اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جان مکین نے امریکا پاکستان کے باہمی تعلقات کے لیے بہت کام کیا۔

سینیٹر شیری رحمان نے جان مکین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان مکین کی وجہ سے واشنگٹن ایک بہتر جگہ تھی اور انہوں نے متعدد اختلافات کے باوجود پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات استوار رکھنے کی کوششیں کی۔

امریکی ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جان مکین 81 سال کی عمر میں آج صبح دنیا سے رخصت ہوئے تھے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔

سینیٹرجان مکین کے انتقال کی خبرکا اعلان ان کے اہل خانہ کی جانب سے کیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹرجان مکین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے تاہم جمعہ سے انہوں نے اپنا علاج ترک کردیا تھا۔

امریکہ کے سینئرسیاست دان سینیٹرجان مکین کا گزشتہ سال جولائی میں آنکھ کا آپریشن کیا گیا تھا اس دوران انکشاف ہوا تھا کہ انہیں برین کینسر ہے۔

سینیٹرجان مکین کو اس سے پہلے جلد کا کینسر ہوا تھا اور طویل علاج کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں